کراچی (جنگ نیوز ) پاکستان بھر میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل اور عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ اس الیکشن میں ساری اہم سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ اس انتخابی معرکے میں کونسی جماعت میدان مارے گی۔ کون عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور کونسی جماعت عوام کا بھروسہ جیت پائے گی؟۔ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی انتخابات کے حوالے سے عوام کو ہر خبر سے باخبر رکھنے کیلئے خصوصی نشریات کا اہتمام کر لیا ہے۔ ”پاکستان کو ووٹ دو“ کے عنوان سے یہ ٹرانسمیشن صبح 9بجے سے رات گئے جاری رہے گی۔ ”جیونیوز“ملک بھر میں موجود اپنے نمائندگان کے ذریعے اس الیکشن کے حوالے سے پل پل کی خبریں عوام تک پہنچائے گا۔ جہاں جہاں ووٹر،وہاں وہاں ”جیونیوز“کے رپورٹر ہوں گے۔ اس کے علاوہ اینکرز اور تجزیہ کاروں کی سب سے بڑی اور معتبر ٹیم کے ساتھ نیوز رپورٹس، تازہ ترین سیاسی منظر نامہ، انتخابی سرگرمی اور نتائج کی پل پل بدلتی صورتحال سے بھی عوام کو آگاہ رکھا جائے گا۔ دوسری طرف ”جیونیوز“ کے سوشل میڈیا پر بھی لاکھوں فالورز موجود ہیں جنہیں فیس بُک اور ٹوئٹر کے ذریعے اس الیکشن کی تمام چھوٹی اور بڑی خبروں سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ انتخابات کی لمحہ بہ لمحہ اَپ ڈیٹس سے آگاہ رہنے کیلئے قارئین ”جیونیوز“ کی ویب سائٹ www.geo.tv پر بھی وزٹ کرسکتے ہیں۔