• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان بھی ویب سیریز کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلموں کے بعد اب ویب سیریز کی دُنیا میں بھی حکمرانی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دُنیا بھر میں بالی ووڈ کنگ کے لقب سے مشہور بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے کروڑوں مداح بڑی ہی بےصبری سے اُن کے نئے پراجیکٹس کے حوالے سے معلومات جاننے کے انتظار میں رہتے ہیں اور گزشتہ تین سال سے فلمی دُنیا سے دوری پر شاہ رخ خان کے مداح کافی اُداس بھی ہیں۔

تاہم اب شاہ رخ خان کے مداح اُن کی نئی فلم ’پٹھان‘ کے ریلیز ہونے کا انتظار کررہے ہیں کیونکہ وہ اداکار کو بڑی اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں لیکن یہاں شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری بھی ہے کیونکہ وہ اب ویب سیریز کی دُنیا میں بھی قدم رکھنے والے ہیں۔

اس حوالے سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ڈزنی نے ایک اشتہار شیئر کیا جس میں شاہ رخ خان موجود تھے۔

اس اشتہار پر ردّعمل دیتے ہوئے بالی ووڈ فلمساز کرن جوہر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ  ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ بالی ووڈ کنگ کو بھی اپنی گمنامی کا خوف ہوگا۔‘

کرن جوہر کے ردّعمل کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ ’میرے دوستو! پیکچر تو ابھی باقی ہے۔‘

شاہ رخ خان کے اس جواب پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے شاہ رخ خان ٹاپ ٹرینڈ بن گئے جہاں صارفین نے اُن کے نام ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ اداکار ویب سیریز میں قدم رکھنے والے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے کہ شاہ رخ خان نے ڈزنی کی ایک ویب سیریز میں کام کرنے کے لیے معاہدہ کرلیا ہے تاہم ابھی تک مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

تازہ ترین