• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں ہماری دلچسپی صرف امن، اکاؤنٹس بحال کئے جائیں، شیخ رشید

افغانستان میں ہماری دلچسپی صرف امن، اکاؤنٹس بحال کئے جائیں، شیخ رشید


کراچی(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کی دلچسپی صرف امن و استحکام ہے‘افغانستان کے کھاتے منجمد کرنا دانشمندی نہیں۔

ہماری عالمی برادری سے اپیل ہے کہ ان کے اکاؤنٹس بحال کئے جائیں تاکہ انسانی بحران جنم نہ لے‘ہمیں امید کرنی چاہیے کہ طالبان دنیا کے ساتھ مل کر چلیں گے اور جیسا انہوں نے کہا تھا وہ دہشت گرد تنظیموں ٹی ٹی پی یا داعش کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مودی پنج شیر کی من گھڑت کہانیاں چلا رہا ہے، بھارتی میڈیا جھوٹ اگل رہا ہے‘ پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنائی جا رہی ہے جس میں غیر ملکی ہاتھ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوئی اور نہ خون خرابہ ہوا۔ بھارتی میڈیا پاکستان پر پابندی لگانے کے لیے شور مچا رہا ہے۔مودی کی میڈیا نے پنجشیر کی من گھڑت خبروں پر پاک فوج کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے اور بے بنیاد خبریں نشر کیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ملا برادرکو امن مقصد کے لیے امریکیوں کے ساتھ مذاکرات پر بیٹھنے کی سہولت فراہم کی، امریکہ نے ایک معاہدے پر دستخط کر کے افغانستان چھوڑ دیا ، پاکستان نے اس پر کوئی دستخط نہیں کیے۔ ہم نے انہیں کچھ کرنے کا نہیں کہا بلکہ ہم صرف امن کے سہولت کار ہیں۔ 

انہوں نے کہا ملک بھر میں کوئی مہاجر کیمپ نہیں ہے اور جو لوگ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے انہیں واپس بھیج دیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان تلخی پاکستان جیسے غیر جانبدار ممالک کے لیے بھی مسائل پیدا کرتی ہے۔

تازہ ترین