• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عُمر شریف کی اسپتال سے نئی تصویر منظرِ عام پر

پاکستان کے لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کی اسپتال سے نئی تصویر منظرِ عام پر آگئی جس میں اُن کی حالت تشویشناک لگ رہی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عُمر شریف کے گلے اور ناک میں نلکیاں لگی ہوئی ہیں۔

تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ عُمر شریف کی حالت تشویشناک ہے اور اُنہیں دُعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔

دوسری جانب عُمر شریف کے لاکھوں مداح اُنہیں اس حالت میں دیکھ کر افسردہ ہوگئے ہیں اور وہ اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ سینئر اداکار و کامیڈین عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سےاپنے بہتر علاج کے لیے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔


جس کے بعد وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے عمر شریف اور ان کے اہلِ خانہ کو بہتر علاج کے لیے مدد کی مکمل یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

اس حوالے سے عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر شریف کو امریکا میں علاج کے لیے بذریعہ طیارہ ہی لے جایا جاسکتا ہے، وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یاداشت بھی خراب ہو گئی ہے، گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان کی تشویشناک حالت کے حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

تازہ ترین