• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ انصاری کی عُمر شریف کو علاج کیلئے بیرونِ ملک بھیجنے کی اپیل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے لیجنڈری کامیڈین عُمر شریف کو علاج کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کی اپیل کردی۔

بشریٰ انصاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عُمر شریف کی تصویر شیئر کی ہے جس کے ساتھ اداکارہ نے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا بھی کی ہے۔


اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’براہِ کرم! عُمر شریف کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کریں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’عُمر شریف ایک سچے فنکار ہیں جو ہمیشہ اپنے مہربان دل سے ہر ایک کے چہرے پر مُسکراہٹ لاتے ہیں۔‘

بشریٰ انصاری نے لکھا کہ ’ہمیں عظیم فنکار عُمر شریف کو وہی عزت دینی چاہیے جس کے وہ حقدار ہیں۔‘

اداکارہ نے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’برائے مہربانی! عُمر شریف کو اُن کی زندگی کے لیے درکار علاج کے لیے بیرون ملک بھیجیں۔‘

بشریٰ انصاری کی پوسٹ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد عُمر شریف کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کررہی ہے۔

یاد رہے کہ سینئر اداکار و کامیڈین عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سےاپنے بہتر علاج کے لیے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

جس کے بعد وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے عمر شریف اور ان کے اہلِ خانہ کو بہتر علاج کے لیے مدد کی مکمل یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

اس حوالے سے عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر شریف کو امریکا میں علاج کے لیے بذریعہ طیارہ ہی لے جایا جاسکتا ہے، وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یاداشت بھی خراب ہو گئی ہے، گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان کی تشویشناک حالت کے حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

تازہ ترین