• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں امریکی اہداف حاصل کر لئے گئے تھے، انٹونی بلنکن


امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی اہداف حاصل کر لئے گئے تھے، وقت آگیا تھا کہ امریکا کی طویل جنگ کا خاتمہ کیا جاتا۔

انٹونی بلنکن کا ایوان نمائندگان میں بیان میں کہنا تھا کہ طالبان سے معاہدہ ہمیں پچھلی انتظامیہ سے ملا، معاہدہ کے تحت افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ پانچ ہزار قیدیوں کو چھوڑ دے، معاہدے کی پاسداری نہ کرتے تو امریکی افواج پر حملوں کا خدشہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کا مزید نقصان ہونے کا احتمال تھا، افغانستان میں مزید وقت رہنے سے جنگ کے خاتمے کی گارنٹی نہیں تھی، امریکی شہریوں کی سیکورٹی ہماری ترجیح رہی ہے۔

انٹونی بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ مارچ سے اگست تک 19 پیغامات اور وارننگ جاری کی گئی کہ امریکی افغانستان سے نکل جائیں، مارچ 2020 سے خصوصی ویزا پروگرام میں ایک بھی افغان شہری کا انٹرویو نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خصوصی ویزا پروگرام کو بڑھایا، صرف اگست میں ہم ایک سو سے ایک ہزار فی ہفتہ ویزا پروگرام کے تحت لوگوں کو نکال سکے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں سفارتی مشن شروع کردیا گیا ہے، ہم افغانستان میں موجود امریکی اور افغان شہریوں کی مدد کرتے رہیں گے، جو امریکی اور دوسرے شہری افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند ہیں، انہیں نکالا جائے گا۔

انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ طالبان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین شدت پسندوں کو استعمال نہیں کرنے دی جائے گی، القاعدہ اور داعش افغان سرزمین استعمال نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میں انسداد دہشت گردی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، اس سال انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 330 ملین ڈالر کی امداد افغانستان کو دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین