راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)کورونا کے باعث پیدا ہونیوالے حالات نے بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ کردیاہے۔ راولپنڈی شہر میں کوئی سڑک، چوراہا،گلی یا محلہ بھکاریوں کی یلغار سے محفوظ نہیں ۔بھکاریوں کے گر وہ ہرجگہ نظر آرہے ہیں۔ بالخصوص مری روڈ کے تمام اشاروں پر پیشہ ور بھکاریوں کا قبضہ ہے۔بھکاریوں میں بزرگ، عورتوں،بچوں، نوجوانوں اور خواجہ سرا ؤں کے ساتھ نشئی شامل ہیں۔جن کی تعداد بڑھتی چلی جارہی ہے۔ مانگنے والوں کے ساتھ ساتھ مختلف اشیاء بیچنے کی آڑ میں گداگری کرنیوالوں کی بھی ایک تعداد پائی جارہی ہے۔شاہراہوں پر بھکاریوں کے باعث ٹریفک میں بھی خلل واقع ہورہا ہے۔ بھکاریوں سے گاہکوں کے ساتھ ساتھ دکاندار بھی تنگ ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس انسداد گداگری کے ذمہ دار ہیں۔لیکن بھکاری مافیا کنٹرول ہونے کی بجائے دن بدن پھیلتا جارہا ہےاور شہریوں کے ناک میں دم کررکھا ہے۔