• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گووندا کے دوسرے بھانجے نے ممانی کو ماں کا درجہ دے دیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار گووندا اور ان کے خاندان میں جاری آپس کے جھگڑوں میں جہاں ان کے بھانجے کرشنا ابھیشیک اور ان کی اہلیہ کشمیرا شاہ نے اپنے ماموں اور ممانی سے سرعام لڑائی کی وہیں ان کے دوسرے بھانجے اداکار، ونے آنند نے ماموں اور ممانی کی خوب تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سنیتا مامی ان کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ ایک حالیہ انٹرویو میں گووندا کے بھانجے کرشنا ابھیشیک کی اہلیہ کشمیرا شاہ سے جب سنیتا آہوجا کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ سنیتا کون ہیں؟

ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ونے آنند نے جو کہ آمدنی اٹھنّی، خرچہ روپیہ اور بہت سی دیگر بھوجپوری فلموں میں کام کرچکے ہیں، کہا کہ وہ سنیتا ممانی کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیں ماں کی طرح رکھا اور بہت پیار دیا ہے، جبکہ انہوں نے میری بہت مدد بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا کی کرشنا اور کشمیرا سے اختلافات کا سلسلہ 2016 سے جاری ہے۔

ان اختلافات میں 2018 میں اس وقت شدت آئی جب کشمیرا نے ایک ٹوئٹ کیا کہ لوگ پیسوں کے لیے ناچتے ہیں، جس پر سنیتا نے یہ گمان کیا کہ کشمیرا نے یہ بات گووندا کے بارے میں کہی ہے۔

تاہم کشمیرا اس بات پر ناراض ہیں کہ گووندا اور سنیتا ان کے بچے کی بیماری پر عیادت کے لیے اسپتال تک نہیں آئے۔

تازہ ترین