معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے کہا ہے کہ میں کامیڈین کرشنا ابھیشیک کی شکل دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتی ہوں۔
کپل شرما شو میں پرفارم کرنے والے کرشنا ابھیشیک اور اُن کی مامی کے درمیان ایک بار پھر گرما گرمی بڑھ گئی ہے۔
اس بار وجہ بنے ہیں کرشنا، جنہوں نے ایک انٹرویو کے دوران گزشتہ برس نومبر کے کپل شرما شو کی اُس قسط پر بات کی، جس میں اُن کے ماما گووندا اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔
کرشنا ابھیشیک نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر اس قسط سے الگ ہوگئے تھے، دونوں فیملیز نہیں چاہتی تھیں کہ وہ ایک اسٹیج پر موجود ہوں کیونکہ ماما کے خاندان کے ساتھ مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے۔
معروف کامیڈین کے بیان پر گووندا تبصرے کےلیے دستیاب نہیں ہوئے تو بھارتی میڈیا نے اُن کی اہلیہ سے بات کی۔
سنیتا آہوجا نے کہا کہ میں نے کپل شرما کی اس قسط کا تذکرہ سنا ہے، جس پر کرشنا ابھیشیک نے بات کی ہے، اس حوالے سے پہلے ہی گووندا بیان دے چکے ہیں کہ وہ خاندانی مسائل عوام میں زیر بحث نہیں لانا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ میرے شوہر نے ایک جنٹلمین کی طرح اپنی بات نبھائی، ہم نے باوقار فاصلہ برقرار رکھا، لیکن اب بات وہاں پہنچ گئی ہے جہاں مسئلہ حل کیا جائے۔
گووندا کی اہلیہ نے مزید کہا کہ جب ہم کپل شرما کے شو پر گئے تھے تو کرشنا نے میڈیا میں شہرت کے لیے کچھ کہا تھا، فیملی ایشوز اس طرح پبلک میں زیر بحث لانا درست نہیں، گووندا نے اس پر بات نہیں کی لیکن یہ سب کچھ مجھے پریشان اور ناراض کرتا ہے۔
سنیتا آہوجا نے مزید کہا کہ اس( کرشنا ) کے بغیر بھی ہمارا شو ہٹ ہوتا ہے اور یہ بھی والا بھی ہوا۔
اُنہوں نے کرشنا کی مزاح کی صلاحیت کو محدود قرار دیا اور کہا کہ وہ زیادہ تر اپنے ماما کا نام استعمال کرتا ہے، میں پوچھتی ہوں کیا اُس کے پاس اپنے ماما ( گووندا) کا نام لیے بغیر ہٹ شو دینے کی صلاحیت ہے؟
سنیتا نے کہا کہ دونوں خاندانوں میں میرے جیتے جی صلح کا امکان نہیں کیونکہ مسائل بہت بڑھ گئے ہیں،خاندان کا نام لے کر آپ کو بدتمیزی اور بے عزتی کی آزادی نہیں مل جاتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں پال پوس کر بڑا کیا، تو کیا یہ ہمارے سر پر چڑھ جائیں گے اور بدتمیزی کریں گے؟ کیا ہوتا اگر میں اپنی ساس کے انتقال کے بعد کرشنا کو گھر چھوڑنے کا کہہ دیتی؟
گووندا کی اہلیہ نے آخری میں کہا کہ میں اس سارے معاملے میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں کہ مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے اور میں اپنی زندگی میں اس (کرشنا) کا چہرہ دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتی ہوں۔