• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی جانب سے جاری ڈوزیئر مسئلہ کشمیر کیلئے بہترین اقدام ہے

بریڈفورڈ ( محمد رجاسب مغل )جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے ڈوزیئر کو سراہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے لیے ایک بہترین اقدام قرار دیا ہے، معروف کشمیری رہنما اور بانی چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین اور دُنیا کے مختلف ممالک میں موجود اپنی تحریکی ٹیم کے عہدیداران اورذمہ داران کی جانب سے وزیر خارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وفاقی وزیر محترمہ شیریں مزاری اور پاکستان کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر معید یوسف کی پریس کانفرنس کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ چیئرمین راجہ نجابت حسین، تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمان، سیکرٹری جنرل اعظم خان، کنٹری کوآرڈی نیٹر پاکستان ڈاکٹر راجہ ساجد محمود نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان کی جانب سے 131 صفحات 3 چیپٹر اور 113بین الا قوامی حوالہ جات پر مشتمل پیش کیا گیا، ڈوزیئر بھارتی جارحیت، ہٹ دھرمی، بدمعاشی، غنڈا گردی، ریاستی دہشت گردی، بھارتی سفاکی، بھارت کی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری شدت پسندی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھارتی مسلح افواج کے غیر قانونی اقدامات اور جبر کی داستانوں اور بھارت کے مکروہ، ظالم اور قاتل چہرے کی عکاسی کرتا ہوا دکھائی اور سُنائی دے رہا ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ یہ ڈوزیئر بھارت پر عالمی دباؤ میں اضافے کا باعث بنے گا اور ہم اس ڈوزیئر کو دنیا کے مختلف ممالک کے مختلف شہروں میں گھر گھر تک پہنچائیں گے اور بھارت کے گھناؤنے اور مکروہ چہرے کو دنیا کے تقریباً ہر ملک میں بے نقاب کرتے رہیں گے۔ حکومت پاکستان کے ڈوزیئر سے مقبوضہ جموں وکشمیر، آزادجموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا میں جہاں جہاں بھی کشمیری اور پاکستانی موجود ہیں اُن کے جوش و جذبے میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت پاکستان کا جاری کردہ انتہائی اہمیت کا حامل یہ ڈوزیئر بھارت کا مقبوضہ جموں کشمیر سے ناجائز قبضہ فوری طور پرختم کروانے کے سلسلہ میں فوری اثر کرنے والی ویکسین ثابت ہو گا۔ راجہ نجابت حسین نے اپنی تحریک کی جانب سے حکومت پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ہر مہینے اس طرح کا ایک ڈوزیئر جاری ہوتا رہا تو ہمیں یقین ہے کہ بھارت پر عالمی دباؤ میں شدت آئے گی اور بھارت عالمی دباؤ کی شدت برداشت نہیں کر سکے گا اور بھار ت بہت جلد اور یقینی طور پر اسی سال 2021ء میں مقبوضہ جموں کشمیر سے اپنا ناجائز قبضہ ختم کر دے گا اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حق خود ارادیت مل جائے گا۔
تازہ ترین