• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین لگوانے والوں کیلئے سہولتیں نہ لگوانے والوں کیلئے مزید پابندیاں

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے والوں کیلئے سہولتوں جبکہ نہ لگوانے والوں پر مزیدپابندیاں لگانے کا اعلان کردیا ۔دونوں خوراکیں نہ لینے پر تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی تمام عملہ 30 ستمبر کے بعد اپنا کام جاری نہیں رکھ سکے گا، فضائی سفر پر پابندی ہوگی، شاپنگ مالز میں دکانداروں اور گاہکوں دونوں کے داخلے پر پابندی ہوگی، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بکنگ بند کردی جائے گی، انڈور آؤٹ ڈور ڈائننگ اور شادیوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی ونیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہاہے کہ 16 ستمبر سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے ، کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے، 50 فیصد مسافروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ‘اسلام آباد کی 52 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو این سی او سی میں نیوز کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وبا کی صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، کووڈ۔19 کے 5300 مریض ہسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ 24 میں سے 18 اضلاع میں وبا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، 6 اضلاع میں بندشیں قائم رہیں گی، ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں، 6 اضلاع میں آئوٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم بڑھا کر 12 بجے تک کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین