کراچی (اسٹاف رپور ٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان سر اج الحق نے کنٹونمنٹ بورڈ میں جماعت اسلامی کی انتخابی پیش رفت کے حوالے سے ادارہ نورحق میں منعقدہ اجتماع کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں بھی جماعت اسلامی عوام کے لئے سب سے بہترین چوائس ہے،عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواروں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر ضرور پورا اتریں گے، میں انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں اللہ تعالیٰ ان کو مزید صلاحیت اور ہمت سے نوازے، راولپنڈی، نوشہرہ اورمردان میں بھی جماعت اسلامی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے،کراچی ضرور دوبارہ جگمگائے گا اور ترقی و خوشحالی اس کا مقدر ہوگی کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔سراج الحق نے کہا کہ کراچی پاکستان کی نظریاتی اور اقتصادی شہ رگ ہے اسے ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت تباہ کیا گیا اور خون میں نہلایا گیا۔جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام اور کراچی کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے،کراچی ضرور دوبارہ جگمگائے گا اور ترقی و خوشحالی اس کا مقدر ہوگی کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے دن رات محنت اور مشقت کی،ہر دروازے پر دستک دی ،اب ہمیں آئندہ کے مرحلوں کی تیاری کرنی ہے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا ہے۔