کراچی(اسٹاف رپورٹر)حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سید صبغت ﷲ شاہ نے کہاہےکہ فضل الرحمان رابطے میں ہیں، JUIکیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرینگے،جی ڈی اے کو ضلعی سطح پر مزید فعال کرینگے۔گزشتہ روز پیر پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کا اجلاس کنگری ہائوس میں ہوا جس میں جی ڈی اے کو ضلعی سطح پر مزید فعال کرنے ،صوبے میں جلسے،کارنر میٹنگز منعقد کرنے اور ہم خیال سیاسی دوستو ں کو ساتھ ملانے پر اتفاق کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ جی ڈی اے کو سندھ میں فعال کیا جائے گا اسکے لئے مولانا فضل الرحمان سے بھی بات ہوئی ہے وہ بھی ہمارے ساتھ ہیں، جے یو آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کریں گے۔ پیر پگارا نے کہا کہ جی ڈی اے الیکشن کیلئے بنائی تھی اور اب بھی قائم ہے ، اسے مزید مضبوط کریں گے لیکن آپ جب چاہیں گے کہ ختم کرو تو میں ختم کر کے مسلم لیگ فنکشنل کو میدان میں لے آئوں گا، مجھے کوئی نفع نقصان نہیں، ہم تو دوستوں کو اکٹھا لے کر چل رہیں ہیں اگر اکٹھے نہیں ہونگے تو گیدڑ اور لومڑ انہیں کچا کھا جائیں گے ۔