بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ ملیکا شراوت نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم ’ویلکم بیک‘ جو ان کی فلم ’ویلکم‘ کا سیکوئل ہے، اس میں انہیں کاسٹ نہ کیے جانے کی واحد وجہ یہ ہے کہ فلم ڈائریکٹر اپنی گرل فرینڈ کو اس میں لینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ویلکم میں ملیکا شراوت نے اکشے کمار، کترینہ کیف، پاریش راول، انیل کپور اور نانا پاٹیکر کے ساتھ کام کیا تھا۔
اس فلم کے سیکوئل کا ٹائٹل ویلکم بیک ہے اور اس میں دوبارہ انیل کپور، نانا پاٹیکر اور پاریش راول کو تو کاسٹ کرلیا گیا ہے، لیکن اس مرتبہ جان ابراہم اور شروتی ہاسن اس میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ فلم میں شینے آہوجا، ڈمپل کپاڈیا اور نصیر الدین شاہ بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔ اس فلم کے ہدایت کار انیس بزمی ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملیکا شراوت نے کہا کہ ویلکم کا سیکوئل بنا تو ڈائریکٹر نے اپنی گرل فرینڈ کو ہی اس میں دیا، بتاؤ اب میں کیا کروں۔
گو انہوں نے نام بتانے سے تو انکار کیا لیکن کہا کہ یہ سچ ہے، جب سیکوئل بنتا ہے تو ہدایت کار اپنی گرل فرینڈ لیتا ہے، ہیرو اپنی گرل فرینڈ کو کاسٹ کرتا ہے، تو میں کیا کرسکتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا بالی ووڈ میں کوئی بوائے فرینڈ نہیں ہے، میں کبھی بھی کسی اداکار، ڈائریکٹر یا پروڈیوسر کے ساتھ نہیں رہی ہوں۔ میرے ساتھ صرف میرا کام ہے، باقی لوگ اپنی گرل فرینڈز کو لیتے ہیں تو یہی وجہ ہے میں اس پروجیکٹ سے باہر ہوگئی۔