• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان ملہی کی طبیعت ناساز، بھارتی اداکارہ سارہ خان دُعاگو

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نوجوان اداکار فرحان ملہی نے اپنی ناساز طبیعت کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کیا جس کے بعد بھارتی اداکارہ سارہ خان نے اُن کے لیے دُعائیہ پیغام جاری کیا ہے۔

گزشتہ دنوں فرحان ملہی نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو ایک اہم خبر دینے کے لیے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی پوسٹ شیئر کی۔


فرحان ملہی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ’اُن کے معدے میں انفیکشن ہوا ہے جس کی وجہ سے اُن کے جسم کا کافی خون ضائع ہوچکا ہے اور اُن کے جسم پر زخم بھی ہورہے ہیں۔‘

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ’اس سب کے بعد اُنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ ایمرجنسی وارڈ میں داخل رہے اور اسی دوران اُنہیں معلوم ہوا کہ لاہور میں اُن کے اہلخانہ کے کئی افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنے دوستوں اور مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اس مشکل گھڑی میں آپ سب کی دُعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔‘

فرحان ملہی نے کہا کہ ’میرے لیے اور میرے خاندان کے لیے یہ واقعی تباہ کُن اور بہت مشکل وقت ہے، میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا لیکن ہمیں آپ کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’میں ابھی واپس لاہور پہنچا ہوں اور دعا کر رہا ہوں کہ اللّہ ہماری اور ان سب کی مدد کرے جو بیمار اور بے بس ہیں۔‘

فرحان ملہی کی اس افسوسناک پوسٹ پر جہاں اُن کے مداحوں نے دُعائیہ کمنٹس کیے تو وہیں سرحد کے اُس پار یعنی بھارت سے بھی اداکار کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی گئی ہے۔

بھارتی اداکارہ سارہ خان نے فرحان ملہی کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انشاء اللّہ! اللّہ تعالیٰ سب کچھ ٹھیک کردے گا۔‘

واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ سارہ خان ماضی میں پاکستانی ڈرامے میں جلوہ گر ہوچکی ہیں جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین