• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کو وجہ بناکر سیریز یکطرفہ طور پر ختم کرنا مایوس کن ہے، خاص کر اس وقت جب کہ تھریٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔

رمیز راجہ نے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہ رہا ہے، نیوزی لینڈ بورڈ اب ہمیں آئی سی سی میں سنے گا۔

چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ دورہ ختم کرنا کرکٹ فینز اور کھلاڑیوں کے لیے شدید مایوس کن ہے۔

نیوزی لینڈ نے دورۂ پاکستان ختم کردیا

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورۂ پاکستان ختم کردیا۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ٹیم واپس جارہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے آج بتایا کہ انہیں کوئی سیکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کردی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ اور پاکستانی حکومت نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے، جبکہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سےبھی بات چیت کی۔

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو بتایا کہ ہمارا انٹیلی جنس سسٹم دنیا کےبہترین انٹیلی جنس سسٹم میں سےایک ہے، ان کا مزید کہناتھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کیلئےکوئی سیکیورٹی تھریٹس نہیں ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سیکیورٹی حکام پاکستانی حکومت کی جانب سےسیکیورٹی اقدامات پر مطمئن تھے۔

کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ پی سی بی سیریز شیڈول کے مطابق چاہتا ہے، تاہم دنیا بھر کےکرکٹ شائقین کو اس آخری لمحے میں کئے گئے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔

اس سے قبل خبرایجنسی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی حکام اور پی سی بی نے کئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کی تاہم منانے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈےاور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

تازہ ترین