• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کی کابل سے غیر ملکیوں کے انخلاء کیلئے خصوصی چارٹر فلائٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے کابل سے غیر ملکی صحافیوں ، مخیر حضرات اور کابل میں کام کرنے والے دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے لئے کابل سے اسلام آباد کے لیے ایک خصوصی چارٹر فلائٹ PK6250چلائی ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پرواز مختلف تنظیموں ، بین الاقوامی نیوز چینلز اور نیوز ایجنسیوں کی خصوصی درخواستوں پر ہنگامی بنیادوں پر چلائی گئی ۔ پی آئی اے کے افسران اور تعلقات عامہ کی ٹیم کی محنت اور کاوشوںسے کم وقت میں بکنگ اور ٹکٹ جاری کیے گئے۔ پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی پرواز کے لیے ہماری مشترکہ کوشش انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی گئی ہے ۔ کابل آفس میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر اور پاکستان میں پبلک ریلیشنز ٹیم نے اس چارٹر پرواز کی بروقت تکمیل کے لیے بھر پور کوشش کی۔ اسلام آباد اور کابل کی ٹیموں نے دن رات انتھک محنت کی تاکہ یہ پرواز مختصر وقت میں کامیابی سے اپنی منزل تک پہنچ سکے ۔ فرنٹ لائن ڈیفینڈرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو اینڈرسن نے سی آئی او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کے تعاون ، محفوظ، بہتر ین اور آرام دہ فضائی سفر پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور اس کی شاندار ٹیم کا خصوصی شکریہ اور تعریف کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے کابل سے صحافیوں اوردیگر لوگوں کو نکالنے کے لیے اس خصوصی پرواز کے انعقاد میں ہماری بہت مدد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ای او پی آئی اے کے تعاون کے بغیر یہ ممکنہ طور پر ایک ناقابل تسخیر کام ہوتا۔ سی پی جے ایشیا پروگرام کوآرڈینیٹر اسٹیون بٹلر نے کہا کہ "یہم شکرگزار ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز صحافیوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے میں کامیاب رہی جو افغانستان میں رہتے تو خطرے میں تھے"۔ پی آئی اے نے ہمیشہ پاکستان اور عالمی سطح پر امدادی پروازیں چلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تازہ ترین