• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کے نوٹسز کے بعد وفاقی وزراء آپے سے باہر ہوگئے، مصطفیٰ نواز کھوکھر


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے نوٹسز کے بعد وفاقی وزراء آپے سے باہر ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں پی پی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پہلے آگ لگانے کی دھمکی دی، اب متنازعہ بنانے کی مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کے لیے الیکشن کمیشن کی ساکھ خراب کر رہی ہے۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا منصوبہ اصل میں آئندہ عام انتخابات چوری کرنے کی سازش ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کیا تو اسے بدنام کیا جا رہا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسکہ کے انتخابات میں حکومت کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈسکہ میں دھاندلی کا نوٹس لے کر پولیس اور انتظامیہ کے افسران کو معطل کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر کمیشن کی ساکھ بحال کرنی کوشش کر رہے ہیں۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کو سنگل آؤٹ کر کے ان پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں، وکلا، صحافیوں اور دیگر طبقات کو الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

تازہ ترین