سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان سے واپسی کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں اٹھایا جائے گا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ متعلقہ حکام سے پوچھا جائے گا کہ کیا پی سی بی نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کے ساتھ معاملہ اٹھانے کے لیے کوئی حکمت عملی تیار کر رہا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام سے نیوزی لینڈ کے خدشات سے متعلق بریفنگ بھی لی جائے گی۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ حکام سے پوچھا جائے گا کہ سیکیورٹی تھریٹس سے متعلق نیوزی لینڈ کے خدشات درست نہیں تو پاکستان کیا اقدامات کرنے جا رہا ہے؟
پی پی سینیٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے رویے سے کرکٹ شائقین میں مایوسی پھیلی ہے۔