• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پاکستان کا میڈیا کی آزادی سلب کرنا درست نہیں

پیرس ( رضا چوہدری) پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس کے ذمہ داران نے کہا کہ میڈیا کی بدولت برسراقتدارحکومت پاکستان کو میڈیا کی آزادی سلب کرنا زیب نہیں دیتا ، ہم دنیا کے کونے کونے میں میڈیا اتھارٹی کے خلاف آواز بلند کریں گے، پہلے بھی میڈیا نےاپنی آزادی جدوجہد کرکے حاصل کی ہے ،کنوینر یونس خان ،صاحبزاد عتیق الرحمن، ملک منیر احمد ، زاہد مصطفی اعوان ،شاہ زیب سید نے سفارت خانہ پیرس میں قائمقام سفیر قاضی امجد عزیز اور پریس قونصلر دانیال سلیم گیلانی کو مراسلہ پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ فرانس میں مقیم صحافیوں کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت کا میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان میڈیاڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نام سے نیا قانون آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ یہ مجوزہ قانون آزادی اظہار رائے کو دبانے کے مترادف ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قانون کے تحت حکومت پاکستان صحافیوں کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے ۔ صحافت کوآمرانہ سوچ کےساتھ کنٹرول کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا قانون نہ صرف آزادی صحافت بلکہ جمہوری اقدار کے خلاف کالا قانون ہے۔ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت کا تصور ممکن نہیں ۔ اس لیے حکومت سنسرشپ اور غیر قانونی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل جیسی قانون سازی سے باز رہے ۔ آزادی اظہار رائے بنیادی آئینی حق ہے، اس طرح کی قانون سازی سے ملک سے باہر پاکستان کے بارے منفی تاثر جائے گا ۔ فرانس میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو حکومت پاکستان کی طرف سے اس نئے قانون کے حوالے سے تحفظات ہیں اور اگر ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا تو اس حوالے سے ہم یورپ بھر میں احتجاج اور یورپین پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے جو کچھ پاکستان میں صحافیوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کھبی آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوا، فرانس میں مقیم تمام صحافی تنظیمیں اس حوالے سے پریشان ہیں وہ آزادی صحافت کیلئے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گی۔ ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ ہمارے تحفظات کو دور کیا جائے اور ملک میں آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین