• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں موجود امریکی شہری طالبان کے خوف سے چُھپنے لگے

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں امریکی شہری اور گرین کارڈ رکھنے والے افراد طالبان کے خوف سے چُھپ رہے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے گرین کارڈ ہولڈر ایک جوڑے نے اپنے تین بچوں سمیت دو ہفتوں میں 7مرتبہ اپنا ٹھکانہ تبدیل کیا ہے۔کابل میں رہائش پذیر اس خاندان کا انحصار ان کے رشتہ داروں پر ہے۔ یہ خاندان اس انتظار میں ہے کہ کوئی کابل سے نکلنے میں ان کی مدد کرے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے کئی دن پہلے ان سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھا کہ معاملے کے لیے نمائندے کا تقرر کیا گیا ہے لیکن تب سے انہوں نے کچھ نہیں سنا۔وہ ایک بین الاقوامی امدادی تنظیم سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔تین بچوں کی ماں نے امریکی میڈیا کو ایک ٹیکسٹ پیغام میں کہا کہ ’ہم خوفزدہ ہیں اور خود کو زیادہ سے زیادہ چُھپاتے رکھتے ہیں۔اے پی نے جن افراد سے رابطہ کیا ہے، ان کی حفاظت کے پیش نظر شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی، انہوں نے ہفتوں تک گھروں میں چُھپنے کا خوفناک منظر بیان کیا ہے۔یہ لوگ گھروں میں بجلی کو بند رکھتے ہیں۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے ہیں اور پہچانے جانے سے بچنے کیلئے کُھلے ڈھلے کپڑے اور برقع کا استعمال کرتے ہیں۔ان سب کا کہنا ہے کہ وہ اس سے خوفزدہ ہیں کہ طالبان ان کو ڈھونڈ لیں گے، ان کو جیل میں ڈال لیں گے اور شاید انہیں قتل کر دیں کیونکہ وہ امریکی ہیں یا امریکہ کے لیے کام کر چکے ہیں۔

تازہ ترین