• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان :محکمہ انہار کی مبینہ غفلت سے 2 بڑی نہروں میں شگاف


رحیم یار خان میں محکمہ انہار کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی سے دو بڑی نہروں میں شگاف پڑگیا جس سے فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور پانی بھی آبادی میں داخل ہوگیا ہے۔

محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق بستی براراں کے قریب ڈالس نہر میں چالیس فٹ چوڑا جبکہ رکن پور ڈسٹی نہر میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے کپاس، گنے، گھاس پھوس کی فصلیں اور باغات زیر آب آگئے ہیں۔

نہری پانی نے علاقے میں تباہی مچا دی ہے فصلوں اور رابطہ سڑکوں سمیت نہری پانی کچے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

اہل علاقہ نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ انہار کا عملہ نہ تو بھل صفائی کراتا ہے اور نہ ہی نہر کے کناروں پر تعینات عملہ اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بااثر افراد پانی چوری کرتے ہیں جس سے نہر کے پشتے کمزور ہوچکے ہیں، نہروں کے لئے مختص فنڈز کی تحقیقات ضروری ہے۔

دوسری جانب محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے نہروں میں پانی کی فراہمی روک دی ہے شگاف بند کرنے کا عملہ بھیج دیا ہے، شگاف پڑنے کی تحقیقات کی جائے گی۔

تازہ ترین