• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی پارلیمانی انتخابات، پوٹن کی حامی جماعت کامیاب، اپوزیشن کا دھاندلی کا الزام

ماسکو (جنگ نیوز) روسی الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق صدر پوٹن کی حامی سیاسی جماعت یونائٹڈ رشیا نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کریملن نے اس الیکشن کو منصفانہ قرار دیا ہے جبکہ یورپی یونین نے اس انتخابی عمل کی شفافیت پر اعتراضات کیے ہیں۔دوسری طرف اپوزیشن اور صدر پوٹن کے ناقدین نے اس الیکشن میں ʼمنظم دھاندلیوں‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ کیمونسٹ پارٹی کے کچھ اراکین نے الزام عائد کیا ہے کہ بالخصوص ماسکو میں نیا الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم اس لیے استعمال کیا گیا تاکہ یونائٹڈ رشیا کے مخالفین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جا سکے۔ اس پارٹی کے کچھ ارکان نے ماسکو میں مظاہروں کی کال بھی جاری کی ہے۔روسی حکام نے بتایا ہے کہ ویک اینڈ پر منعقد کیے گئے پارلیمانی الیکشن کے ووٹوں کی گنتی کا عمل 98 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق یونائٹڈ رشیا 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر چکی ہے۔ ان ابتدائی نتائج کے مطابق اپوزیشن کمیونسٹ پارٹی کو 20 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ یاد رہے کہ 2016ء میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن میں یونائٹڈ رشیا کو 54 فیصد عوامی حمایت حاصل ہوئی تھی۔حالیہ الیکشن کے ان نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ اس مرتبہ بھی 450 نشستوں والی روسی پارلیمان ʼدوما‘ میں صدر پوٹن کی حامی اس پارٹی کے ممبران کی تعداد دو تہائی سے زائد ہو گی۔ اس کا مطلب ہے کہ نئی روسی حکومت کو بھی قانون سازی اور دیگر اہم پالیسی معاملات میں کسی پارٹی کے ساتھ اتحادی حکومت تشکیل دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تازہ ترین