پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اپنی کوئی بھی ہوم سیریز کھیلنے نیوٹرل وینیو پر نہیں جائیں گے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار کے بعد ایشیائی بلاک بنانے کا اعلان بھی کردیا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی میچ کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، یہ جاننا ہے کہ ہمارے ساتھ ایسا کیوں کیا گیا؟ اپنی خودداری اور کرکٹ کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا فیصلہ متوقع تھا، بدقسمتی سے مغربی بلاک اکٹھا ہوجاتا ہے، ہم ایشیائی بلاک بنائیں گے، ہماری جانب سے مخالفین کا مقابلہ کرنے اور کوئی رعایت نہ دینے کا عزم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی وہاں تک جائیں گے جہاں تک ہمارا فائدہ ہے، صورتحال کا سب کو علم ہے، یہ کوئی اچھی صورتحال نہیں ہے ،ہمارے لیے اب تک سبق ہی سبق ہے، پتہ چل رہا ہے کہ کون دوست ہے، کون ساتھ کھڑا ہے۔
رمیز راجہ نے کہاکہ ہمارے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ بغیر کچھ شیئر کیےدورہ ختم کر دیا جائے، یہ سب ہمارے ہاں ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ آتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ چیف سے بات کی، ہمیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونا ہمیں ایک ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے ایک مصروف ترین کرکٹ سیزن تھا،ہم نے یہاں پہنچنے کے لیےبڑی محنت کی، لیکن اس کی قدر نہیں کی گئی جس کادکھ ہے، صورتحال سمجھنے کی کوشش کریں، ایک دوسرے پر الزام لگانےکا وقت نہیں ہے۔
رمیز راجہ نے کہاکہ ہم ایشیائی بلاک بنائیں گے،ہم آئی سی سی کے فورم پر کھل کر بات کریں گے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار کے بعد ویسٹ انڈیز سے بھی سیریز پر خطرے کے بادل منڈلانا شروع ہوگئے ہیں۔