اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن پر جارحانہ حملے ، اداروں کو بدنام اور تباہ کرنے کی پالیسی کا تسلسل ہے۔ اداروں پر حملے ملک کے آئینی نظام کی بنیادوں کو ہلا دے گا جو قومی ساخت کو قائم رکھتا ہے، حکومت کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں ۔ حکومت نے پہلے پارلیمنٹ پر حملہ کرتے ہوئے اسے غیر فعال کر دیا ۔ حکومت نے پھر عدلیہ پر حملہ کیا اور ججز کے خلاف جھوٹے ریفرنس قائم کئے۔رضا ربانی نے بیان میں کہا کہ وزراء نے اعلی عدالتوں کے ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی۔ حکومت نے پھر میڈیا پر سنسر شپ عائد کی اور اب پی ایم ڈی اے جیسا قانون متعارف کرنا چاہ رہی ہے۔ پی ایم ڈی اے میں مارشل لاء ادوار سے بدتر دفعات ہیں ۔ حکومت نے سول سرونٹس ، اساتذہ ، طلباء اور مزدروں کو بھی نہیں چھوڑا ۔ قومی سیکورٹی پالیسی کو بھی نہیں بخشا گیا۔ اس حوالے سے غیر ملکی سامعین کے سامنے نقصان دہ بیانات دیئے گئے۔ اداروں پر حملے ملک کے آئینی نظام کی بنیادوں کو ہلا دے گا جو قومی شناخت کو قائم رکھتا ہے۔