اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہےکہ نیب عمران خان کے سیاسی ایجنڈے کا آلہ کار ہے، نواز شریف کے خلاف جاری نیب پریس ریلیز دراصل توسیع کی درخواست ہے۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے خلاف نیب پریس ریلیز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئےکہا کہ قومی احتساب بیورو کا نواز شریف کے خلاف جاری پریس ریلیز دراصل ایکسٹنشن (نوکری میں توسیع) کی درخواست ہے۔ نواز شریف کا 35 سال سے زائد سیاسی کیرئیر، وزیراعلیٰ پنجاب اور تین دفعہ منتخب وزیراعظم رہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام تک نہ لگ سکا، ججوں کو وڈیو دکھا کر بلیک میل کر کے ہوٹل کے لفافوں میں فیصلے بھیج کر سزا سنائی گئی جس فیصلے کی بنیاد پر یہ پریس ریلیز جاری کی گئی وہ اسلاآباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اُس پہ حتمی فیصلہ ابھی نہیں آیا۔