• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو فون نہیں سنتا وہ مودی خود چل کر پاکستان آیا تھا، نواز شریف

لاہور (نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائدنواز شریف نے کہا ہے کہ عزت اور قومی وقار یہ ہوتا ہے جو فون نہیں سنتا وہ مودی خود چل کرپاکستان آیا،مہنگائی کے باعث لوگ آپ کی جان کو رو رہے ہیں، آپ کو دن رات گالیاں پڑتی ہیں۔ وہ مسلم لیگ (ن )ملتان ڈویژن کے تنظیمی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے خطاب کررہے تھے ۔ماڈل ٹائون لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ کے پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، مریم نواز، حمزہ شہباز شریف ، اویس لغاری ، عظمی ٰبخاری ، ذیشان رفیق ، عبد الرحمنٰ کانجو، نزہت صادق ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی عہدیدار شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر مشاورت اور بات چیت کی گئی۔نوازشریف نے کہا کہ آج بیرونی دنیا کہہ رہی ہے کہ عمران نیازی کی اہمیت اسلام آباد کے میئر سے زیادہ نہیں ہے، اس عہدے کی اتنی بےتوقیری؟ یہ اسی لیے ہوا کہ ہمارے ڈکٹیٹروں نے مارشل لاء لگا کر ہمیشہ اپنے ہی وزیر اعظم ہاؤس کو فتح کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم نے امریکہ کو کہا کہ ہم عزت کا سودا نہیں کرتے، ہم قابل فخر قوم ہیں ہم باضمیر لوگ ہیں اپنے 5 ارب ڈالر رکھیں اپنے پاس، ہم نے ایٹمی دھماکے کر کے ہندوستان کو جواب دیا، اس کے نتیجے میں واجپائی پاکستان آئے، آج وہی جو ان کا فون نہیں سنتے، جب میں وزیراعظم تھا تو مودی خود پاکستان چل کر آئے، بتائیں! عزت اور قومی وقار کس کو کہتے ہیں؟ نوازشریف نے شعر پڑھا۔۔۔ جو میں سر بسجدہ ہوا کبھی تو زمین سے آنے لگی سدا،تیرا دل تو ہے صنم آشناء تجھے کیا ملے گا نماز میں ۔۔ عمران خان تمہیں کیا پتا کل کیا ہوگا؟ تمہارے لانے والوں کو کیا پتا کل کیا ہونے والا ہے؟ سب کچھ بدل جائے گا، قرآن پاک میں بھی لکھا ہے کہ اللہ پاک حق اور سچ کا ساتھ دیتا ہے لیکن جو ظلم وزیادتی جھوٹ بولتے اور کفر تولتے ہیں تو پھر ایک دن آتا ہے جب سب کچھ بدل جاتا ہے، انشاءاللہ پاکستان میں بھی سب کچھ بدل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء دال گوشت سبزی کی قیمتیں دیکھیں، عمران خان لوگ آپ کی جان کو رو رہے ہیں، آپ کو اور آپ کے لانے والوں کو دن رات گالیاں پڑتی ہیں، آپ کو پتا بھی ہے؟ مجھے بتاؤ کہ پاکستان کے ساتھ کیوں یہ کھیل کھیلا گیا؟ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایف آئی اے، نیب کو غیرملکی تحفوں کے الزام میں عمران خان پر مقدمہ درج کرنا چاہیے، میرے ملٹری سیکرٹری سے پوچھو ہم نے ملنے والے تمام تحفوں کو ڈکلیئرکیا، میں نے زندگی میں کبھی سرکاری پلاٹ، پرمٹ یا ڈیوٹی فری گاڑی نہیں منگوائی۔

تازہ ترین