• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹنی سپیئرز کنزَرویٹرشپ کے کیس پر دستاویزی فلم ریلیز کرنے کیلئے تیار

امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز اپنے والد جیمی سپیئرز کے خلاف عدالت میں جاری کنزَرویٹرشپ کیس پر سرپرائز دستاویزی فلم نیٹ فلکس پرجلد ریلیز کرنے والی ہیں۔

ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی جانب سے منگل کومائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو کلپ ٹوئٹ کیا گیا ہے ۔

اس ویڈیوکلپ میں برٹنی سپیئرز کی اپنے وکیل کے ساتھ وائس نوٹ پر ہونے والی گفتگو کو سنا جا سکتا ہے ۔

برٹنی سپیئرز کی اپنے وکیل کے ساتھ وائس نوٹ پر ہونے والی گفتگو سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ 2008ء میں جب گلوکارہ کو سخت عوامی مخالفت اور ذہنی تناؤکا سامناکرنا پڑا تو اس کے ایک سال بعد ہی وہ اپنے والد جیمی سپیئرز کو اپنی ہی کمپنی کے شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کروانا چاہتی تھیں۔

واضح رہے کہ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے وکیل سموئیل ڈی انگھم III کی جانب سے گلوکارہ کے والد جیمی اسپیئرز کو ان کی بیٹی کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے رواں سال 23 جون کو لاس اینجلس کی سپیریئر کورٹ کے جج نے مسترد کر دیا تھا۔

جس کے بعد گلوکارہ کے والد جیمی سپیئرز نے خود ہی پاپ اسٹار کی کمپنی کے کنزَرویٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برٹنی سپیئرز کے والد جیمی سپیئرز کی جانب سے جاری کی گئی قانونی دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ ’مسٹر سپیئرز صحیح وقت آنے پر مستعفی ہونے کو تیار ہیں لیکن معاملات کو منظم طریقے سے کرنے کی ضرورت ہے جس میں عدالت میں زیر التوا معاملات کا حل ہونا بھی شامل ہے۔‘

تازہ ترین