• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے، وزیرِ اعظم عمران خان


وزیرِ اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں ڈاکٹر شہباز گل، فیصل جاوید اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے، انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کے بت کو توڑنا ہے، ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے، پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں، ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے، میدان میں اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔

عمران خان نے کہا کہ وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے، میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا، آپ کو جارحانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی، ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ تیکنیک کو متعارف کروایا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں، پریشر میں پریشان ہونےکی بجائے لطف اندوز ہونا سیکھیں، وکٹ لینے پر کام کریں، رن روکنا اور وکٹ لینا دو علیحدہ تکنیک ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں، پوری قوم کی آپ سے امیدیں وابستہ ہیں۔

تازہ ترین