افغانستان نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے لیے میزبانی کی خواہش ظاہر کردی۔
افغان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللّٰہ فضلی نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اپنے بیان میں عزیز اللّٰہ فضلی نے 25 ستمبر سے پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنےکا اعلان کیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین نے کہا کہ ان ملکوں کے دورے میں کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات کروں گا۔
عزیز اللّٰہ فضلی نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجا سے بھی ملاقات کروں گا۔
افغان بورڈ کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی چیئرمین سے ملاقات میں اس سیریز کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو ہم سری لنکا میں کھیلنے والے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان ایک روزہ سیریز لاجسٹک مسائل اور کووڈ وبا کے باعث منسوخ ہوگئی تھی، ہم افغانستان کی کرکٹ بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے افغان بورڈ کے چیئرمین عزیز اللّٰہ فضلی کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔