• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی ون آن ون ملاقات


وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کی ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر بریفنگ دی۔

رمیز راجا نے عمران خان کو دونوں ملکوں کے بورڈز کے سربراہان سے رابطوں پر بھی بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر معذرت خواہانہ رویہ نہ رکھنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے رمیز راجا سے گفتگو میں کہا کہ ٹیم کو اس نہج پر لے جائیں کہ ہر کوئی اس کے ساتھ کھیلنے کو ترسے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پی سی بی چیئرمین کو بورڈ کا ازسر نو جائزہ لینے اور پروفیشنل افراد لانے کی ہدایت بھی کی۔

عمران خان نے رمیز راجا سے کہا کہ وہ اسکول اور کلب کرکٹ کو فعال بنائیں، علاقائی کرکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے انفرااسٹرکچر کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کو روڈ میپ بھی دیا۔

وزیراعظم نے پی سی بی چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کو اتنا مضبوط بنائیں کہ وہ بین الاقومی معیار سے کم نہ ہو، کھلاڑیوں کو ہر ممکن مراعات دیں۔

تازہ ترین