کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ فواد چوہدری نے آج جتنی دستاویز دکھائیں وہ وزارت داخلہ سے کاؤنٹر چیک ہوئی ہیں، یہ ثابت ہوگیا ہے کہ احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی پوسٹ چلائی گئی تھی، پوسٹ میں احسان کے اسپیلنگ وہی تھے جو انڈیا میں استعمال کئے جاتے ہیں،تحریک لبیک کا نام بھی جعلی پوسٹ میں استعمال کیا گیا اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان کے حساس اداروں نے انڈیا کی پاکستان کوتباہ کرنے کی منصوبہ بندی برباد کردی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پر حملے کے خطرے کے مراسلہ نے معاملہ خراب نہیں کیا، یہ مراسلہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے جانے کے بعد نکلا، اب ایسی کوئی ایڈوائزری وزارت داخلہ کے نوٹس میں لائے بغیر جاری نہیں کی جائے گی، نیوزی لینڈ ٹیم کو کچھ ہوجاتا تو ہم دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتے، نیوزی لینڈ ٹیم کو زبردست سیکیورٹی فراہم کی جسے کھلاڑیوں نے بھی سراہا، ہم نے کہا کہ ہم گراؤنڈ خالی کرا دیتے ہیں ا۔ شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو معافی سے متعلق بحث ہوئی مگر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ٹی ٹی پی کے 350سے 550لوگ وارداتوں میں ملوث ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، احسان اللہ احسان کا فرار پرانا کیس ہے میں اس وقت وزیر داخلہ نہیں تھا۔