• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاشقند اتاری گئی برطانوی پرواز بلآخر لندن روانہ


گزشتہ روز ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کے ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر اتاری گئی اسلام آباد سے لندن کی جانب اڑان بھرنے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز اب اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔

فلائٹ انکوائری کے مطابق برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 260 تاشقند سے لندن روانہ ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 260 کو مسافر خاتون کو دل کا دورہ پڑنے پر تاشقند اتارا گیا تھا۔

اسلام آباد سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز میں ایک پاکستانی نژاد خاتون مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے باعث پرواز کو تاشقند میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم خاتون جانبر نہ ہو سکیں اور ان کی موت واقع ہو گئی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 260 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی، جب طیارہ تاشقند کے قریب پہنچا تو اچانک خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔

جہاز کے کپتان نے تاشقند کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے تاشقند ایئر پورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے پر طیارے کو تاشقند ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

طیارے کے عملے نے خاتون کی طبیعت اچانک بگڑنے پر تاشقند ایئر پورٹ پر ڈاکٹر اور ایمبولینس طلب کی، تاہم خاتون دل کے دورے کو سہہ نہیں پائیں اور انتقال کر گئیں۔

دریں اثناء برٹش ایئر ویز کی ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ایمرجنسی میں اترنے والی پرواز کے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

برطانوی ایئر لائن کی ایک مسافر لڑکی کی اپیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں مسافر لڑکی کا کہنا تھا کہ ہم 24 گھنٹے سے ازبکستان کے ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حال پوچھنے اب تک کوئی نہیں آیا، میری بہن برٹش ایئر ویز کو فون کر رہی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ کچھ نہیں جانتے۔

تازہ ترین