• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرواز میں پاکستانی خاتون کا انتقال، ہنگامی لینڈنگ، طیارے میں فنی خرابی، تاشقند میں مسافر خوار

کراچی (جنگ نیوز) برٹش ایئرویز کی اسلام آباد سے جانے والی پرواز میں خاتون وفات پاگئیں، تاشقند میں ہنگامی لینڈنگ ،اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی ایک پرواز میں خاتون مسافر انتقال کر گئیں۔ تاشقند میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے میں خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے طیارے کو روک لیا گیا، تاخیر کے باعث مسافر وں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز میں ایک پاکستانی نژاد خاتون مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر موت واقع ہو گئی۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق اس پرواز بی اے 260 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی، طیارہ تاشقند کے قریب تھا، کہ اچانک خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ جہاز کے کپتان نے تاشقند کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے تاشقند ایئر پورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے پر طیارے کو تاشقند ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔طیارے کے عملے نے خاتون کی طبیعت اچانک بگڑنے پر تاشقند ایئر پورٹ پر ڈاکٹر اور ایمبولینس طلب کی، تاہم خاتون دل کے دورے کو سہہ نہیں پائیں اور انتقال کر گئیں۔ دریں اثناء برٹس ایئرویز کی ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ایمرجنسی میں اترنے والی پرواز کے مسافر پریشان ہوگئے۔ برطانوی ایئرلائن کی ایک مسافر لڑکی کی اپیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مسافر لڑکی کا کہنا ہے کہ ہم 24 گھنٹے سے ازبکستان کے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حال پوچھنے اب تک کوئی نہیں آیا، میری بہن برٹش ایئرویز کو فون کررہی ہے ان کا کہنا ہے وہ کچھ نہیں جانتے۔ مسافر لڑکی نے یہ بھی کہا کہ میرے والد بیمار ہیں کوئی علاج کا نہیں پوچھ رہا، ہماری مدد کی جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ میرے والد کیلئے آکسیجن ختم ہورہی ہے، جسکا کوئی انتظام نہیں، ہمارے پاس خوراک ہے نہ ہی کوئی بہتر علاج، نہ ہی ویل چیئر ہے۔ مسافر لڑکی نے کہا کہ ہمیں کچھ دیر پہلے ہی خوراک کا ایک باکس دیا گیا ہے، صورتحال خوفناک ہے، اب تک کوئی بھی خبر نہیں۔ برطانوی ایئرلائن کی اس مسافر لڑکی نے کہا کہ یہاں کوئی وائی فائی اور کوئی چارجر نہیں، دو منٹ کے انٹرنیٹ کنکشن کے لیے 50 پاؤنڈ دے رہے ہیں۔ جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 260 اسلام آباد ایئر پورٹ سے گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی۔ راستے میں تاشقند ایئر پورٹ کے قریب خاتون کو دل کا دورہ پڑا جسکے باعث تاشقند میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث خاتون جانبر نہ ہوسکیں۔

تازہ ترین