• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20، آصف علی اور حیدر نے بلوچستان کے چھکے چھڑا دیئے، ناردرن کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈومیسٹک کرکٹ میں چوکوں چھکوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے آصف علی نے کمزور بولنگ اٹیک کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلی اور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں تماشائی تو موجود نہ تھے لیکن آصف علی کے لاٹھی چارج سے قبل ناردرن کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے150کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرادی۔ جمعرات کو مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے چھٹے نمبر پر میدان میں آکر 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آصف نے حیدر علی کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی اننگز کا آغاز بھی آئیڈیل نہ تھا۔ اوپنر عمر امین صرف 2 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حیدر علی نے پہلے ذیشان ملک ، پھر شاداب خان اور پھرروحیل نذیر کے ہمراہ بالترتیب 49، 10 اور 16 رنز کی شراکت قائم کی۔ بلوچستان کے یاسر شاہ، عاکف جاوید، عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو چھ کے انفرادی اسکور پر کپتان امام الحق پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد بلوچستان کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور اس کی آدھی ٹیم محض 70 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ عبدالواحد بنگلزئی اور اکبر الرحمٰن 24،24 جبکہ بسم اللہ خان اور ایاز تصور بالترتیب 10 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں عماد بٹ نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ عماد بٹ 34 اور کاشف بھٹی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ناردرن کے حارث رؤف نے 18 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ زمان خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔دریں اثنا ٹورنامنٹ میں پہلے دن کے دوسرے میچ میں محمد رضوان کی قیادت میں کے پی کے نے بابر اعظم کی سینٹرل پنجاب کو36رنز سے آئوٹ کلاس کردیا۔ 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام ٹیم مقررہ20 اوورز میں نو وکٹ پر 151 رنز بناسکی۔ محمد اخلاق 62 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ کپتان بابراعظم 29 اور احمد شہزاد نے 24 رنز بنائے۔ بابر اعظم کو اسپنر آصف آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 187 رنز بنائے تھے۔ کپتان محمد رضوان نے 65 رنز کی اننگز کھیلی ۔ افتخار احمد 40 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سینٹرل پنجاب کے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسپورٹس سے مزید