اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری بڑھنے سے سکیورٹی کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے، سی پیک ہمسایہ ملک کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے‘ جلد سی پیک اس مقام تک پہنچنے والا ہے جہاں کوئی اسے روکنا بھی چاہے تو روک نہیں سکے گا‘بہت جلد وزیراعظم کراچی جا کرسرکلر ریلوے کے انفرا اسٹرکچر منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی پیک کے 10ویں جے سی سی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اسدعمر کا کہناتھاکہ چین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر معاہدوں پر دستخط کیے ہیں کیونکہ کل کی دنیا ڈیجیٹل کی دنیا ہے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ میں47فیصداضافہ ہوا، پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے لیے چین کے مزدور واپس آ گئے تھے اور ان پر کام دوبارہ شروع ہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج جن معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں سب سے خوش آئند امر یہ ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جوائنٹ ورکنگ گروپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری بہت اہمیت کی حامل ہے، پاک چین قیادت نے سی پیک کو واضح اہمیت دینے کی ہدایت دی۔ سی پیک کے کچھ نئے معاہدے اور ایک نیا جوائنٹ ورکنگ گروپ بنایا ہے۔چینی سرمایہ کاری بڑھنے سے سکیورٹی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ داسوواقعہ میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔