برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) بلاول بھٹو زرداری اس وقت پاکستان کی نوجوان اور مقبول ترین قیادت ہیں، آنے والوں وقتوں میں پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو بلاول بھٹو کی صورت میں پہلا نوجوان وزیراعظم دے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی مڈلینڈ اور برمنگھم کے رہنما چوہدری شاہ نواز ، قیوم راجہ، مرزا اختر، ارشاد عزیر کی میزبانی میں بلاول بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر منعقد تقریب سے پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری ،وحید اقبال، اسد نواز اور دیگر رہنمائوں نے کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ صرف پاکستان و آزاد کشمیر میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ سمیت امریکہ ،یورپ میں بھی منائی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی صدر برطانیہ محسن باری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں، حالیہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی کامیابی اس بات کی نوید ہے کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔ پی پی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ جگہ جگہ بلاول بھٹو کی سالگرہ کے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا یہ کارکنوں کا اپنے قائد کے ساتھ محبت کا اظہار ہے۔ وحید اقبال، اسد نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد پیپلزپارٹی کی صف اوّل میں بھٹو کے نظریات کا پرچار کر رہی ہے۔ محمد ایوب سرکھوی نے کہا کہ ہمارا خاندان نسل در نسل پی پی کے ساتھ وابستہ ہے۔ مرزا اختر محمود کا کہنا تھا کہ برطانیہ، آزاد کشمیر ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلاول بھٹو کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔ یہ کارکنوں کا اپنی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ قیوم راجہ، ارشاد عزیر، رضا گجر، وقاص الحق کا کہنا تھا کہ پارٹی میں آنے والے دن جیسے پارٹی کا یوم تاسیس ہو یا قائدین کی سالگرہ یا پھر شہداء کا دن ہو اس مناسبت سے تقاریب کے انعقاد سے کارکنوں کو حوصلہ ملتا ہے اور پارٹی کے نظریات و افکار کا پرچار کرنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔ آخر میں بلاول بھٹو زرداری کی 33 ویں سالگرہ کا کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔