بیجنگ (جنگ نیوز )چین نے کرپٹو کرنسی کی تمام ترسیلات اور وصولیاں کالعدم قرار دیدی، مرکزی بینک نے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹو کرنسی اقتصادی اور مالیاتی نظام میں انتشار کا باعث بننے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے مرکزی بینک نے کرپٹو کرنسیوں کی ہر قسم کی ٹرانزیکشن کو کالعدم کر دیا ہے۔
بیرون چین سے بھی کرپٹوکرنسیوں کی ترسیلات غیر قانونی قرار دے دی گئی ہیں۔کرپٹو کرسیوں کو خلاف قانون قرار دینے کا اعلان پیپلز بینک آف چین کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔
اس میں واضح کیا گیا کہ چین کی کرنسی مارکیٹ کو منظم کرنے والے انتظامی دفتر یا ریگولیٹر نے ایسا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ریگولیٹر کے فیصلے کو چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ایک حالیہ فیصلے کی حمایت بھی حاصل ہے۔
چین کے مرکزی پیپلز بینک کے اعلان میں واضح کیا گیا کہ ملکی اقتصادی اور مالیاتی نظام میں انتشار کا باعث بننے والا کوئی بھی کاروبار یا عمل قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا اور ایسی تمام سرگرمیاں یقینی اور فوری طور پر خلاف قانون قرار دی جاتی ہیں۔
اعلان کے مطابق ایسی سرگرمیوں میں شریک ہونا مجرمانہ سرگرمی تصور کی جائے گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ ملکی مالیاتی نظام میں انتشار کا باعث سرگرمیوں میں قمار بازی، خلافِ ضابطہ فنڈ جمع کرنا، مالی فراڈ، رقوم پر ناجائز منافع دینے کی سرگرمیاں اور منی لانڈرنگ شامل ہیں۔
حکومتی اداروں کے مطابق ایسی ناجائز مالی کارروائیاں ریاست اور عوام کی سلامتی کے منافی ہیں۔
اسی تناظر میں حکام نے ورچوئل کرنسیوں کی تجارت کو بھی ملکی قانون کے منافی خیال کیا ہے۔