اسلام آباد (حنیف خالد) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ اُن کا ملک ہمسایہ ممالک کا ساتھ دیتے ہوئے افغانستان کے واقعات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور وہاں جامع حکومت بنانے پر زور دیتا ہے۔ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کیلئے تمام گروپوںکی شمولیت ضروری ہے۔ وہ سفارتخانہ ایران میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سید محمد علی حسینی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن سے متعلق سوال پر کہا کہ ایران پہلے سے طے شدہ سمجھوتوں کے مطابق اپنے حصے کی ذمہ داریوں کو پورا کر چکا ہے‘ اور ہم نے پاکستانی سرحدوں کے قریب تک پائپ لائن بچھا دی ہے۔