ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، لاہور میں آج ایئر کوالٹی انڈیکس 179 ہو گیا ہے، جس کے بعد اسموگ کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات نے دن بدن فضائی آلودگی میں اضافے کو خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی لاہور میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے مطابق گوجرانوالہ اور ساہیوال میں ایئر کوالٹی انڈیکس 172، فیصل آباد میں 164 اور بہاول پور میں 145 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافے سے اسموگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے مطابق ایئر کوالٹی انڈیکس صفر سے 50 تک بہترین ہوتا ہے، 50 سے 100 معتدل، 100 سے 150 حساس افراد کے لیے غیر صحت مند، 150 سے 200 مضرِ صحت، 200 سے 300 انتہائی مضرِ صحت اور 300 سے 500 خطرناک ہوتا ہے۔