• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے انتخابات شفاف بنائیں، سلیکٹڈ نے ملک تباہ کردیا، عوام کو مہنگائی کیخلاف اٹھنا ہوگا، 2023 میں PTI دفن ہوجائیگی، شہباز شریف

2023 میں PTI دفن ہوجائیگی، شہباز شریف


لاہور،راولپنڈی،کراچی(نمائندہ جنگ،ٹی وی رپورٹ، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہاہے کہ تمام ادارے انتخابات شفاف بنائیں،سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک تباہ کردیا، عوام کو مہنگائی کیخلاف اٹھناہوگا، 2023ء میں پی ٹی آئی دفن ہو جائیگی۔ جبکہ خواجہ آصف نے کہنا ہے کہ شہرہوں یاتحصیلیں جھگڑے ورکرزکے نہیں قیادت کے ہیں، صفوں میں اتحادپیداکریں، کارکن کراچی تاپشاور نوازشریف کے پیچھے کھڑے ہو جائیں۔ 

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ حمزہ شہبازنےآرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر کہا ہے کہ توسیع کافیصلہ درست،بروقت اورپارٹی قیادت کاتھا، ذاتی نہیں قومی مفاداہم ہے۔جبکہ مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ مریم نواز آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ بہت مشکل ماحول میں کیا تھا، مریم نوازکی سوچ والد سے مختلف نہیں ہوتی، نواز شریف بھی توسیع کے حق میں نہیں تھے، مریم نواز اور حمزہ شہباز کی رائے میں اختلاف ہونا بڑی بات نہیں لیکن جب پارٹی میں فیصلہ ہو جائے تو سب مانتے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی معمولی بات نہیں، تحریک انصاف کو کنٹونمنٹ انتخابات میں ابدی نیند سلا دیا گیا ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ ز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، الیکشن کمیشن کو آئندہ بھی شفاف الیکشن کرانا ہونگے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو، یہ ہمارا مطالبہ عدالت عظمیٰ سے بھی ہے، عدالت عالیہ، انتظامیہ، مقننہ اور تمام اداروں سے ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں سوا 3 سال میں ملک تباہ ہونے پر آ گیا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم نے پاکستان کو معاشی طور پر برباد کردیا ہے۔ انہوں نے قرضے لے کر پاکستان کو بدحال کردیا ہے، آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔

آج غریب آدمی کودوائی نہیں مل رہی ، بجلی کے بل غریب عوام پر بجلی بن کر حملہ کررہے ہیں،قوم کاتیل نکالے والا سلیکٹڈ کہتا ہے آپ نے گھبرانا نہیں، یہ کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں اور لاکھوں گھر دیں گے لیکن انہوں نے روزگار چھین لئے، آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔، عوام تیار ہو جائیں، تحریک چلائیں گے، اس حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ 

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہر ہوں یا تحصیلیں، جھگڑے ورکروں کے نہیں قیادت کے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ انتخابات کسی بھی وقت آسکتے ہیں، حکومت کا بستر کبھی بھی گول ہوسکتا ہے، کراچی سے پشاور تک نوازشریف کے پیچھے کھڑے ہوجائیں۔ 

ان کا کہنا تھاکہ جھگڑے کارکنوں کے نہیں بلکہ قیادت کے ہیں، چاہے وہ شہروں میں ہیں، تحصیلوں میں ہیں اور یونین کونسلوں میں ہیں، یہ جھگڑے ختم ہونے چاہئیں اور اتحاد ہونا چاہیے۔ 

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ کارکن خدا کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پید اکریں، آئندہ الیکشن میں اگر حکومتی مینڈیٹ حاصل کرنا ہے تو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ مہنگائی اور غربت سے عوام تنگ آچکےہیں، حکومت کابسترکسی بھی وقت گول ہوسکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے الیکشن میں 73 فیصد ووٹ موجودہ حکمرانوں کیخلاف پڑا اور ان انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی عوام کیلئے کی گئی خدمت کا صلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف نہیں تھے، عوام مہنگائی اور غربت سے تنگ آچکی ہے۔

دریں اثناء میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہبازنے کہاہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے معاملے میں کوئی ابہام نہیں، پارلیمنٹ میں ووٹ دینے کا فیصلہ درست، بروقت اور لیگی قیادت کا تھا ،قوموں کی زندگی میں ایسے معاملات آتے ہیں جب قومی مفاد کو ذاتی مفاد سے اوپر رکھنا چاہیے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑ جیسےمسائل حل کرنےکیلئے شفاف الیکشن لازمی ہیں،ہم سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کےتمام ریکارڈتوڑ دیئے۔ 

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوزشریف اور نائب صدر مریم نواز کے ترجمان سابق گورنر سندھ محمد زبیرنے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے تینوں ادوار میں کسی آرمی چیف کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی، ن لیگ نے آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا فیصلہ بہت مشکل ماحول میں کیا تھا۔

تازہ ترین