• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ وزارتوں میں معاونین خصوصی کامیاب نہیں رہے،شبلی فراز


کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ کچھ وزارتوں میں معاونین خصوصی کامیاب نہیں رہے، یہ معاونین خصوصی چیلنج پورا نہیں کرسکے یا ان کی سیاسی وزیروں کے ساتھ بن نہیں سکی۔

سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے بجٹ بڑھا کر 150ارب تک لایا جائے، پوائنٹ آف سیلز کی بجائے چھوٹے دکانداروں کے یوٹیلٹی بلز پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ چند وزارتیں ایسی ٹیکنیکل ہیں جہاں ٹیکنو کریٹ ماہرین کی ضرورت پڑسکتی ہے، ان میں توانائی، قانون، پٹرولیم اور پارلیمانی امور جیسی وزارتیں شامل ہیں، ماضی میں بھی غیرمنتخب ماہرین کو وزارتیں دینے کا تجربہ کیا گیا ہے، عبدالرزاق داؤد، فروغ نسیم اور بابر اعوان بہت اچھا کام کررہے ہیں۔

کچھ وزارتوں میں معاونین خصوصی کامیاب نہیں رہے، ان معاونین خصوصی کی ناکامی کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا تقرر غلط تھا، یہ معاونین خصوصی چیلنج پورا نہیں کرسکے یا سیاسی وزیروں کے ساتھ بن نہیں سکی۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ منتخب لوگوں کا وزارتوں پر زیادہ حق بنتا ہے کیونکہ وہ عوام کے نمائندے ہوتے ہیں، معاونین خصوصی کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ہوتا ہے۔

اس بات سے اتفا ق نہیں کرتا کہ معاونین خصوصی کونسلر بھی منتخب نہیں ہوسکتے، بہت سے منتخب ارکان بھی اپنی ذات سے منتخب نہیں ہوسکتے بلکہ پارٹی ووٹ سے منتخب ہوتے ہیں، وزیراعظم کچھ معاونین خصوصی کی سپورٹ کریں تووہ فیصلہ سازی پر اثرانداز ہوسکتے ہیں لیکن اپنے تئیں فیصلے نہیں کرسکتے۔ 

سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ وزیرخزانہ بجٹ کے بعد سے غریب طبقہ کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں، بجٹ میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے صرف 6ارب روپے رکھے گئے ہیں، حکومت اسے بڑھا کر 150ارب روپے تک لے کر جائے۔

احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20لاکھ گھرانوں کو کیش ٹرانسفر پہنچانا بہت اہم قدم ہے۔ 

حفیظ پاشا کا کہنا تھا کہ بجٹ میں امیر طبقے کو گاڑیوں پر ٹیکس ریلیف دیا گیا جبکہ چھوٹے دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل میں لایا جارہا ہے، پوائنٹ آف سیلز کی بجائے چھوٹے دکانداروں کے یوٹیلٹی بلز پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگادیا جائے تو مناسب ہوگا۔

تازہ ترین