• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ حادثات و سانحات ایسے بھی ہوتے ہیں، جو بُھلائے نہیں بُھولتے۔ ایسا ہی ایک افسوس ناک واقعہ 8 اکتوبر 2005ء کو پیش آیا، جسے سوچ کر آج بھی دل دہل جاتا ہے،تو آنکھیں بھیگنے لگتی ہیں۔ اُس روز پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین اور دنیا کے چوتھے بڑے زلزلے کا شکار ہوا۔ لیکن اس سے بھی زیادہ کرب ناک اور شرم ناک بات یہ ہے کہ سولہ برس بعد بھی متاثرین حکومتی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ یہ وہ دن تھا کہ پہاڑ اپنے ہی سپوتوں پر ٹوٹ پڑے،گھر اپنے ہی بانیان کو کھا گئے۔ 

ہر سال سانحے کی برسی پر فوٹو سیشنز تو ہوتے ہیں، مگر کسی حکومت کا کوئی ایک وعدہ وفا نہ ہوا

یہ زلزلہ صبح 8 بج کر 52 منٹ پر آیا، جس کے نتیجے میں چند ہی سیکنڈز میں ہنستے بستے شہر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ زلزلے سے15 تحصیلیں صفحۂ ہستی سے مِٹ گئیں اور 87,350افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نیز، عمارتوں کے نیچے دَبی لاشیں نکالنے میں چھے ماہ سے زائد عرصہ لگا۔ اس سانحے نے دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ وقت کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، پاکستانی اپنی قوم وملّت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

عوام نے پاک فوج کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں بھر پور حصّہ لیا۔ مُلک بھر میں امدادی کیمپ لگائے گئے، ماؤں نے اپنی بیٹیوں کے جہیز کے نئے بستر تک نکال کر اپنی قوم کے مجبور بہن، بھائیوں کو پیش کر دئیے۔ صدر،جنرل (ر) پرویز مشرف نے عالمی ڈونر کانفرنس طلب کی، جس میں تمام ممالک کے مندوبین نے شرکت کی اور متاثرینِ زلزلہ کے لیےاربوں ڈالرز کی امداد دی، لیکن افسوس کہ مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے امداد کا درست استعمال نہیں ہوسکا اور وہ اصل متاثرین تک نہ پہنچ سکی، بالخصوص بالا کوٹ میں تاحال تعمیرو ترقّی میں کسی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ حکومت زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو ایک، ایک لاکھ روپے اور گھر تباہ ہونے والے خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ،75 ہزار روپے تھما کر ایک طرف ہوگئی۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ ہی کے تحت جیسے تیسےکچّے پکّے گھر تو تعمیر کر لیے، مگر کسی بھی دَورِ حکومت میں بچّوں کی تعلیم کے بارے میں کچھ نہیں سوچا گیا۔

ایک اندازے کے مطابق،زلزلے کے نتیجے میں مانسہرہ کے 1,614اسکولز تباہ ہوئے، جو ہنوز مکمل طور پر تعمیر نہیں ہوسکے۔ اگر کہیں تعلیمی اداروں کی اَز سرِنو تعمیر ہو بھی رہی ہے، تو کام انتہائی سُست رَوی کا شکار ہے، جس کے باعث بیش تر طلبہ اب بھی خیموں یا پھر آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ خیبر پختون خوا میں پچھلے آٹھ سال سے تعلیمی ایمرجینسی کی دعوے دار حکومت نے بھی اس پر کوئی توجّہ نہیں دی۔درجنوں اسکولز کی عمارات تو تعمیر ہونا دُور کی بات، اُن کا سروے تک نہیں کیا گیا، جن اسکولز کو فنڈز ملے وہ ٹھیکے دار لے اُڑے۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زلزلے میں آزاد کشمیر اور ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی،جہاں 15000 سے زاید ہلاکتیں ہوئیں اور سیکڑوں اسکولز،درجنوں گھر، اسپتال اور انفراسٹرکچر تباہ و برباد ہو کر رہ گیا۔ عالمی اداروں کی رپورٹ کے بعد بالاکوٹ کی دو یونین کاؤنسلز، گرلاٹ اور بالاکوٹ کو فالٹ لائن پر ہونے کے سبب ’’ ریڈ زون‘‘ قرار دیا گیا تھا، لہٰذا2006ء میں پختہ تعمیرات پر پابندی عاید کرتے ہوئے وہاں مقیم 5,400 خاندانوں کو بکریال کے مقام پر’’ نیو بالاکوٹ سٹی‘‘ کے نام سے شہر تعمیر کرکے وہاں بسانے کا فیصلہ کیا، مگر ایسا کچھ نہ ہوا۔ 

اکتوبر 2006ء میں پریذیڈنٹ ریلیف فنڈ سے نئے شہر کے لیے صوبائی حکومت کو ڈیڑھ ارب روپے دیے گئے، جس سے11,436 کنال ، 19مرلے زمین خریدی گئی اور صدر مشرف نے پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا، مگر بعد ازاں، کام سیاست کی نذر ہوگیا۔ متاثرین کو نیو بکریال سٹی میں 2011ء میں منتقل ہونا تھا، مگر اب تک وہاں جانے والی سڑک تک نہ بن سکی، جب کہ منصوبہ مکمل طور پر بند ہوچُکا ہے۔

رواں سال وزیراعظم عمران خان کے دَورۂ ناران کے موقعے پر زلزلہ متاثرین نے نیو بالاکوٹ سٹی سے متعلق احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے سوال کیا کہ’’ ماضی کی حکومتوں کی طرح آپ کی صوبائی حکومت نے بھی ابھی تک کچھ کیوں نہیں کیا؟‘‘ تو وزیراعظم نے کہا کہ ’’مجھے اس معاملے کا علم ہی نہیں۔‘‘ رواں سال پانچ اگست کو چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رُکنی بینچ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اسکولز کی عدم تعمیرپر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے،’’ محکمۂ تعلیم خیبرپختون خوا کو شرم آنی چاہیے۔ اگر بیوروکریسی کام نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے۔ 16سال گزرنے کے بعد بھی اسکولز تعمیر ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے، اربوں روپے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود اسکولز کیوں نہیں بنے؟

گورنر، سی ایم ہاؤس اور افسران کے گھر دیکھیں، کیسے شان دار ہیں، ایک دن اُن کاپانی بند کر دیں، تو چیخیں نکل جائیں۔ افسران کے گھروں سے چھتیں ہٹا دیں تو آپ کو پتا چلے گا، افسران کے کمروں سے اے سی اور فرنیچر بھی ہٹا دینے چاہئیں۔افسران سمجھتے ہیں مختص شدہ رقم اُن کے لیے تھی،کیا مُلک میں سریا، سیمنٹ نہیں ملتا؟ 

مُلک میں پیسا بھی ہے اور تیار چھتیں بھی دست یاب ہیں،بس نیّت کا فقدان ہے، ورنہ اتنے برسوں میں تینوں چیزوں کو یک جا کیسے نہیں کیا جا سکا؟ جاپان میں سونامی آیا، تو انہوں نے چند ماہ میں نئے سِرے سےپورا شہر بنا دیا۔ ایرا نے جو اسکولز بنائے، وہ کسی بھوت بنگلے سے کم نہیں۔‘‘ خیبر پختون خوا حکومت نے اسکولز کی عدم تعمیر کا ملبہ ایرا پر ڈالتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ’’زلزلہ زدہ علاقوں کی بحالی ایرا کی ذمّے داری تھی، صوبائی حکومت کو فروری 2020ء میں متاثرہ علاقوں کا کنٹرول ملا۔‘‘

قائم مقام چیف سیکرٹری، خیبرپختون خوا نے کہا کہ’’نشان دہی پر عدالت کا ممنون ہوں‘‘، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے،’’ممنون نہ ہوں،قوم سے اپنی نااہلی پر معافی مانگیں۔‘‘سپریم کورٹ نے زلزلہ متاثرہ اضلاع میں تباہ ہونے والے 540 اسکولز 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

تاہم، بتایا جاتا ہے کہ انتظامیہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے لیے پبلک/ پرائیویٹ پارٹنر شپ کا نیا جواز گھڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ متاثرینِ زلزلہ اب صرف جلد از جلد نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر چاہتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ اگر مذکورہ ادارے اپنی ذمّے داریاں، فرائض خوش اسلوبی سے ادا کرتے تو آج متاثرین بہت بہتر حالت میں ہوتے، بچّوں کی تعلیم متاثر ہوتی اور نہ معاملہ عدالت تک پہنچتا۔

تازہ ترین