• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری اور نواز شریف نے چند ارب ڈالر کی خاطر ملکی وقار کا سودا کیا، فیاض چوہان

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاستدانوں کی امریکا کو خوش کرنےکی پالیسی نے ہمارے مفادات کو نقصان پہنچایا، آصف زرداری اور نواز شریف نےچند ارب ڈالروں کی خاطر ملکی وقار کا سودا کیا۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ واشنگٹن پوسٹ میں وزیراعظم کا آرٹیکل "دیر آید درست آید"کی بہترین مثال ہے، پاک امریکا تعلقات پر کسی پاکستانی حکمران نے اتنا ڈٹ کر مؤقف بیان نہیں کیا، پوری دنیا افغان مسئلے پر عمران خان کے مؤقف کی تائید کر رہی ہے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ 2006 سے 2015 تک پاکستان میں 50 مسلح گروپوں نے 16 ہزار حملے کیے، پاکستان نے 80 ہزار جانوں اور 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ آج دنیا افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ پرامن تعلقات پر غور کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کا مصالحتی فارمولا آج پائیدار امن کا باعث بن رہا ہے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کو دوحا امن معاہدے کو ساتھ لے کرچلنے کی تلقین کی، دنیا ایک دفعہ پھر سے افغانیوں کو تنہا چھوڑنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

تازہ ترین