• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ اجلاس، توشہ خانہ میں تحائف کی خریداری کے معاملہ کی باز گشت

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹ) توشہ خانہ میں تحائف کی خریداری کےمعاملہ کی باز گشت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی سنی گئی ۔ ذ رائع کے مطابق دووفاقی وزرا ء نے وزیراعظم عمران خان سے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سے متعلق سوالات کئے۔کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود بول پڑے اور کہا کہ وزیراعظم صاحبمیڈیا پر توشہ خانہ سے متعلق آپکے بارے میں باتیں ہورہی ہیں۔ ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ہمیں ملنے والے تحائف کے بارے میں میرا موقف آچکا ہے۔ہماری حکومت میں تحائف کی رقم کو بڑھایا گیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ پہلے جو صرف 15فیصد رقم دے کر تحفوں کے پیسے دیے جاتے تھے ہم نے اب یہ رقم بڑھا کر 50فیصد کر دی ہے۔اب میرے سمیت وزراء اور جو بھی سرکاری تحفہ توشہ خانے سے لینا چاہے اسے 50فیصد رقم جمع کروانی ہو گی۔ ڈاکٹر شیر یں مزاری نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے سربراہان بھی ملنے والے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہیں۔ ہمیں بھی یہ تفصیلات بتانی چا ہئیں ۔ مراد سعید نے تفصیلات بتانے کی تجویز سے اختلاف کیا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ تحفوں کی تفصیلات بتانے سے دوست ممالک ناراض ہوں گے۔

تازہ ترین