اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں کے 167 سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈیشن کا آغاز جلد کیا جائے گا ۔ وفاقی وزیرکی زیر صدارت سکول اور کالجوں کی اپ گریڈیشن اور سکولوں کو میسر سہولیات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔چیف ایجوکیشن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد اور اس سے ملحقہ دیہی علاقوں کے 167 سکولوں کی اپ گریڈیشن اور ان کو درپیش مشکلات پر تفصیلی فہرستیں تیار کی جا چکی ہیں جن کے تحت ان سکولوں میں جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ نئے سکولوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کی نشاندہی کسی سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ ضرورت کی بنیاد پر مبنی ہونی چاہئے۔