کراچی (اسٹاف رپورٹر) وسیم خان کو ساڑھے 26 لاکھ روپے کے پرکشش پیکیج ،فائیو اسٹار مراعات اور مکمل اختیارات کے ساتھ پی سی بی میں لایا گیا تھا۔ غیر ملکی دوروں میں انہیں چھ سو ڈالرز اور انگلینڈ میں 900 ڈالرز کا ڈیلی الائونس ملتا تھا۔ وسیم خان پاکستان کے ایک بااثر کرکٹر کے دوست ہیں۔ ان کے لیے سب سے بڑا دھچکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے پاکستان کے دورے کی منسوخی تھی ۔ وسیم خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں وارِک شائر، سسیکس اور ڈربی شائر کی نمائندگی کی اور پانچ سنچریاں اور سترہ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ وہ لیسٹر شائر کاؤنٹی کے چیف ایگزیکٹیو بھی رہے۔ دو ڈھائی برس کے دوران وہ انگلینڈ اور دوسرے ممالک کے کرکٹ بورڈز کے حکام سے ذاتی دوستی اور تعلقات کا ذکر زورشور سے کرتے رہے۔ وہ ہمیشہ یہی کہتے تھے کہ یہ ٹیمیں ان کے ان کرکٹ بورڈز سے ذاتی تعلقات کی وجہ سے پاکستان آرہی ہیں۔