لوٹن(شہزاد علی) پاکستان کے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والی طالبہ نے جھنگ کی تاریخ میں پہلی خاتون بیرسٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔ آسیہ بتول کا تعلق ایک انتہائی پسماندہ علاقے سے ہے۔ انہوںنے بارپروفیشنل ٹریننگ کورس (بی پی ٹی سی) سٹی یونیورسٹی لندن سے اعزازی نمبروں سے پاس کیا ہے جب کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے متاثر ہوکر آسیہ بتول نے اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کا آغاز لنکز ان جیسے ممتاز ادارے سے کیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد انہوںنے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کے علاقے اور وطن کے لئے بہت بڑا اعزاز ہےاور یہ میرے والدین کی دعائوں اور مقصد کے ساتھ لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ وہ بارایٹ لاء کرنے کے بعد پاکستان جانا چاہیں گی اور وہاں پر خواتین کے حقوق کی وکالت کریں گی اور خواتین کو ان کے قانونی اور شرعی حقوق سے روشناس کرانے کے لئے اپنا کردار نبھائیں گی۔