• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی صحت کا معاملہ پارٹی فورم پر بحث کا حصہ نہیں بنتا، شاہد خاقان


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کا معاملہ کبھی کسی پارٹی فورم پر بحث کا حصہ نہیں بنتا،ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں،ماہر اجناس شمس الاسلام خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت گندم اور چینی کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر ہیں۔ ن لیگ کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مریم نواز کی تقاریر پارٹی کی ڈویژن سطح کی میٹنگوں کا حصہ ہیں، پارٹی میٹنگوں میں ہونے والی بات پبلک بیانیہ نہیں ہوتا، مریم نواز نے درست کہا ہے کہ پارٹی میں کچھ لوگ پارٹی کی طاقت کو نہیں سمجھتے، کچھ لوگ کوئی دوسرا راستہ اپنانے کی بات کرتے ہیں تو پارٹی فورم پر اس کی با ت ہوتی ہے، نواز شریف نے آئین کا راستہ بتایا ہمیں اس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پارٹی کا صدر مضبوط ہو تو پارٹی مضبوط ہوتی ہے، نواز شریف کی صحت کا معاملہ کبھی کسی پارٹی فورم پر بحث کا حصہ نہیں بنتا ہے، نواز شریف علاج کروانے گئے تھے علاج مکمل گا تو واپس آجائیں گے، نواز شریف اور ان کے ڈاکٹر ہی فیصلہ کرسکتے ہیں وہ کب واپس آئیں گے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں، زمینی حقائق دیکھیں تو کراچی کا انفرااسٹرکچر اربن فلڈنگ کو سنبھالنے کیلئے بہت پیچھے ہے، مقامی اور صوبائی حکومت کا عملہ بہت محنت سے کام کررہا ہے، تمام ایشوز اور فالٹ لائنز کی شناخت کرلی گئی ہے، جن جگہوں پر نئی سیوریج لائنیں ڈالنے اور کلیئر کرنے کی ضرورت تھی وہ سب کیا گیا ہے۔

تازہ ترین