محکمۂ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان ’شاہین‘ سے متعلق ساتواں الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب میں شدید سمندری طوفان کراچی کے مغرب سے 470 کلو میٹر دور ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان اورماڑہ سے 250 اور گوادر سے 125 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
طوفان ’شاہین‘ کے گرد ہواؤں کی رفتار 110 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان ’شاہین‘ کے اثرات کے باعث کراچی میں آج بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور معتدل بارش ہونے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں اس وقت درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جس میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے۔
دوسری جانب کمشنر کراچی نے طوفان کے باعث دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پابندی کے باجود شہریوں کی بڑی تعداد سی ویو پر موجود ہے، جبکہ سمندر پر شہریوں کو آنے سے روکنے کے لیے کوئی اہلکار موجود نہیں ہے۔